روس کے صدر سے ملاقات مفید رہی، ہم بیٹھے رہیں گے تو اس طرح کام نہیں ہوگا : شہباز شریف

اسلام آباد(رم نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا ہےکہ روس کے صدر سے ملاقات مفید رہی، ہم بیٹھے رہیں گے تواس طرح کام نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلا س میں کہا کہ روس کے صدر سے ملاقات مفید رہی، ہم بیٹھے رہیں گے تواس طرح کام نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ کسی وزیر نے تاخیر سے کام کیا تو برداشت نہیں کروں گا۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ محرم الحرام پرامن گزرے ، محرم کی مناسبت سے سکیورٹی انتظامات بہترین ہونے چاہیے، صوبوں کےساتھ سکیورٹی تعاون سے قومی یکجہتی اور اتحاد کو تقویت ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سی ٹی ڈی افسر کی شہادت پر افسوس ہے، خیبرپختونخوا میں شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہلخانہ سے بھی تعزیت کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ روس کے صدر سے ملاقات مفید رہی، ہماری روسی صدر سے تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی، دورہ چین میں اہم شعبوں میں مزید تعاون کے لیے بریفنگ لی، ہمیں چین کے ساتھ تعاون کے فروغ پر تیزی سے پیش رفت یقینی بنانا ہوگی۔ تما م وزرا کا اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔ معاشی اہداف کی بہتری کے لیے خود احتسابی کی ضرورت ہے۔ زراعت میں نئی ٹیکنالوجی لے کر آئیں گے۔