ویمنز ایشیاکپ،سری لنکا نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا

دمبولا(رم نیوز) ویمنز ایشیاکپ میں سری لنکا نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا ۔سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ ایشیاکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ایونٹ کے فائنل میں میزبان ٹیم نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلے گئے ویمنز ٹی20 ایشیاکپ کے فائنل میں بھارتی ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنائے، جس کے جواب میں سری لنکا ویمنز نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بھارت کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 165 رنز بنائے جس میں سمرتی مندھانا 60 رنز بناکر نمایاں رہیں، اوپننگ بلے باز شیفالی ورما 16 رنز ہی بناسکی۔اس کے علاوہ کپتان ہرمن پریت کور 11 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں، اوما چیتری 9 رنز ہی بناسکیں، وکٹ کیپر بیٹر رچا گوش 30 اور جمائمہ روڈریگز 29 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔

سری لنکا ویمنز کی جانب سے کاویشا دلہاری نے 2، چماری اتھاپتو، سچنی نسانسالا اور ادیشیکا پرابودھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا ویمنز کی جانب سے ہرشیتا سمارا وکرما اور کپتان چماری اتھاپتھو کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت میزبان ٹیم نے پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔ہرشیتا سمارا وکرما 69 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں، چماری اتھاپتھو 61 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، کاویشا دلہاری نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔