ڈیٹا ریگولیشن، سائبر سکیورٹی اولین ترجیحات: وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ

اسلام آباد (رم نیوز) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیٹا ریگولیشن اور سائبر سکیورٹی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

انہوں نے وزارت آئی ٹی میں اوپن ڈیٹا فلو اور پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی سے متعلق گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کی وزارت آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ آئی ٹی کی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک لے جانا ہمارا ہدف ہے۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر پرائیویٹ سیکٹر کو بھرپور تعاون اور سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل اکانومی میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ ڈیٹا لوکلائزیشن پر تفصیلی بحث کی گئی، اور شرکاء نے ڈیٹا ہوسٹنگ اور ڈیٹا کی حساسیت کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔

اس اجلاس میں ایم ڈی ایشا انٹرنیٹ کولیشین(اے آئی سی )جیف پین، گوگل اینڈ میٹا ترجمان نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ کنوینئر ڈیجیٹل پاکستان کمیٹی تانیہ ادریس اور سیکریٹری آئی ٹی ایشا حمیرا چودھری ،پاکستان سافٹ ویئر ہائوس ایسوسی ایشن (پاشا)، پی ٹی اے ، ایس ای سی پی ، سٹیٹ بینک آف پاکستان ، این آئی ٹی بی اور آئی ٹی منسٹری کے سینئر آفیسرز بھی شریک ہوئے۔