لاہور(رم نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہمارا ڈومیسٹک کا نظام برا نہیں ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہمارا ڈومیسٹک کا نظام برا نہیں ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ ڈومیسٹک چیمپئینز کپ کے لیے چیف سلیکٹر کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کریں، پانچ ٹیموں کے سیٹ اپ کو وقار یونس دیکھ رہے ہیں، ان تمام اقدامات کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے پاس ہر وقت 150 کے قریب بہترین کھلاڑی موجود ہوں، یہ ذمہ میں نے وقار یونس کو دیا ہے کہ ٹیم کو تیار کریں تاکہ جب کھلاڑی چاہیے ہو تو آپشنز موجود ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈومیسٹک چیمپئنز کپ میں غیر ملکی کھلاڑی بھی کھیلیں گے اور یہ 150 کھلاڑیوں کا ایک پول ہوگا، اسی طرح جو ہمارا پرانا کھلاڑی ہے جس کو ہم ٹیم دے رہے ہیں اس کو ہم انڈر 19 کی بھی ٹیم دے رہے ہیں، اور ویمن ٹیم بھی دے رہے ہیں۔