دوسرا ٹیسٹ۔۔۔ بنگلہ دیش کا شاندار کم بیک، پاکستانی ٹیم 274 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی

راولپنڈی(رم نیوز)بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کو عبداللہ شفیق کی صورت میں صفر پر پہلی وکٹ کا نقصان ہوا تاہم کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، بعدازاں شان 57، صائم ایوب 58 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 16، بابراعظم 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ کیپر محمد رضوان 29 اور آغا سلمان 54 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔خرم شہزاد 12، محمد علی 2 اور ابرار احمد صرف 9 رنز بناسکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 5، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہین رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے روز کا کھیل مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ختم کردیا گیا تھا جبکہ خراب موسم کی وجہ سے ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا تھا۔