جنوبی چین (رم نیوز)چین اور فلپائن نے بحیرہ جنوبی چین کے متنازعہ علاقے میں ایک دوسرے پر کوسٹ گارڈ کے جہازوں کو ٹکرانے کا الزام عائد کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں سنیچر کے روز سبینا شوئل کے مقام پر ہونے والا یہ تصادم دونوں ملکوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازعے میں تازہ ترین واقعہ ہے۔
فلپائن کا دعویٰ ہے کہ چینی جہاز براہ راست اور جان بوجھ‘ کر اس کے جہاز سے ٹکرایا جبکہ بیجنگ نے فلپائن پر ’جان بوجھ کر‘ چینی جہاز سے ٹکرانے کا الزام لگایا ہے۔
گذشتہ دو ہفتے کے دوران اس علاقے میں کم از کم تین ایسے واقعات ہوئے، جس میں دونوں ملکوں کے بحری جہاز شامل ہیں۔
بحیرہ جنوبی چین پر مختلف ممالک کے دعوؤں نے اسے دنیا کے سب سے بڑے فلیش پوائنٹس میں سے ایک بنا دیا ہے، خاص طور پر جب امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔