راولپنڈی (رم نیوز)پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں قومی بیٹنگ لائن پھر لڑ کھڑا گئی ہے۔ پاکستان کی بنگلا دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بیٹنگ جاری ہے۔بنگلہ دیش کیخلاف پاکستان کی آدھی ٹیم 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی ہے ۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کا آغاز پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 21 رنز کی برتری سے کیا۔پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 65 رنز پر آؤٹ ہوگئی، صائم ایوب 20، شان مسعود 28 اور بابر اعظم 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس وقت کریز پر سعود شکیل اور محمد رضوان موجود ہیں۔
میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں صرف 9 رنز پر 2 وکٹیں گنوادی تھیں، عبداللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے۔قبل ازیں بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 274 رنز کے تعاقب میں 262 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔کھیل کے تیسرے روز پاکستانی باؤلرز نے شاندار کم بیک کیا، خرم شہزاد اور میر حمزہ نے جارحانہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کے ٹاپ 6 بیٹر کو محض 26 رنز کے عوض پویلین بھیج دیا تھا۔
بنگلہ ادیش کی جانب سے شادمان اسلام 10، کپتان نجم الحسن شانتو 4 ،مشفق الرحیم 3، شکیب الحسن 2 جبکہ ذاکر حسن اور مومن الحق ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔بعدازاں لٹن داس اور مہدی حسن میراز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 165 رنز بناکر بنگلادیشی ٹیم کی میچ میں واپسی ممکن بنائی، مہدی 78 اور لٹن داس 138 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تسکین احمد ایک اور ناہید رانا صفر پر پویلین لوٹے۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔