شزہ فاطمہ کی زیرصدارت یو ایس ایف، اگنائٹ کی پالیسی کمیٹیوں کااجلاس، بجٹ کی منظوری

اسلام آباد (رم نیوز) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی زیرصدارت یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے 50 ویں پالیسی کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی اظفر منظور بھی موجود تھے۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) یو ایس ایف چوہدری مدثر نوید نے اجلاس کو یو ایس ایف کے جاری اور مستقبل کے پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔

دریں اثناء، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے اگنائٹ کے 44 ویں پالیسی کمیٹی اجلاس کی صدارت بھی کی۔اجلاس میں یو ایس ایف کمپنی کے لیے مالی سال 2024۔25 کے لیئے 23 ارب روپے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یو ایس ایف کے لیے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیئے 5.5 ارب روپے کا بجٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں اگنائٹ کے لیے مالی سال 2024-25 کے لیئے 3.960 ارب روپے بجٹ کی منظوری دی گئی جبکہ اگنائٹ کے لیئے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیئے 639.87 ملین روپے کا بجٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اگنائٹ حکام نے اجلاس کو جاری و مستقبل کے پروگرامز کے بارے میں آگاہ کیا۔