جن رہنماؤں کے فوجی ٹرائل ہو رہے ہیں وہ سیاسی قیدی ہیں،بانی پی ٹی آئی کا فوجی ٹرائل نہیں ہوگا:عمر ایوب

سرگودھا(رم نیوز)پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کاکہنا ہےکہ جن رہنماؤں کے فوجی ٹرائل ہو رہے ہیں وہ سیاسی قیدی ہیں،بانی پی ٹی آئی کا فوجی ٹرائل نہیں ہوگا۔سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جن رہنماؤں کے فوجی ٹرائل ہو رہے ہیں وہ سیاسی قیدی ہیں،بانی پی ٹی آئی کا فوجی ٹرائل نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے پی ٹی آئی کی شمولیت کے کوئی ثبوت نہیں، اگر 9 مئی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں، اپوزیشن جماعت ملک اور جمہوریت کی بقاء کی جدوجہد کر رہی ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا اس وقت کوئی مستقبل نہیں، موجودہ حکومت کو کون لے کر آیا میں نام بتا دوں گا لیکن آپ چلا نہیں سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اختر مینگل سے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لے لیں، بلوچستان آگ میں جل رہا ہے کسی کو فکر نہیں، بجلی سستی کرنے کا اعلان کر کے اگلے دن ہی بجلی مہنگی کر دی گئی، فارم 47 کی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔