جنگ بندی معاہدے پر دستخط نہ کرنے پر نیتن یاہو کیخلاف احتجاج

تل ابیب(رم نیوز)غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط نہ کرنے پر وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی حکومت کے خلاف ہزاروں اسرائیلی تل ابیب کی سڑکوں پر نکل آئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے اسرائیلی پرچم اور نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف بینرز، پوسٹرز اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے جنگ بندی کے حق میں زبردست نعرے بھی لگائے۔

رپورٹ کے مطابق احتجاج کرنے والے مظاہرین نے نیتن یاہو سے یرغمالیوں کی واپسی کے لیے فوری طور پر جنگ بندی معاہدہ کرنے کا مطالبہ دہرایا۔خیال رہے کئی ماہ سے امریکا، قطر اور مصر اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ثالثی کی کوششیں تعطل کا شکار ہیں۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی جاری جارحیت کے خلاف برطانیہ میں بھی بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ اسرائیلی حملوں کے گیارہ ماہ مکمل ہونے پر لندن میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطینیوں سے زبردست اظہار یکجہتی کیا۔