پشاور(رم نیوز)عمر ایوب، اسد قیصر، زرتاج گل اور فیصل گنڈا پور کی راہداری ضمانت منظور کرلی گئی۔
پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، رکن قومی اسمبلی زرتاج گل اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بھائی فیصل امین گنڈا پور کی راہداری ضمانت منظور کی اور انہیں 10 اکتوبر تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔کیس کی سماعت ہائی کورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے کی۔
قبل ازیں، پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں جلسہ کرنے پر عمر ایوب، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ انتظامیہ نے جلسہ لیٹ کرنے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔واضح رہے کہ 9 ستمبر کو اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کر لیا تھا۔