سپریم کورٹ نے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی ضمانت منظور کر لی

نئی دہلی(رم نیوز) سپریم کورٹ نے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی ضمانت منظور کر لی۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اروند کجریوال کے خلاف ان الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ 2022 میں دہلی حکومت کی طرف سے نافذ کردہ ’شراب پالیسی‘ جس نے دارالحکومت میں شراب کی فروخت پر حکومت کا کنٹرول ختم کر دیا تھا، مبینہ طور پر نجی خوردہ فروشوں کو ناجائز فائدہ پہنچانے کی وجہ بنی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اسی سلسلے میں رواں برس مارچ میں اروند کجریوال کو گرفتار کیا تھا اور جون کے مہینے میں انڈیا کے مرکزی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی) نے انھیں دوبارہ گرفتار کر لیا۔اسی وجہ سے جب جولائی میں سپریم کورٹ نے اس معاملے میں انہیں ضمانت دی تو وہ رہا نہیں ہو سکے تھے تاہم اب سپریم کورٹ نے اروند کجریوال کی ضمانت دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔