پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار۔۔۔اسلام آبادہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنادیا

اسلام آباد(رم نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے گرفتار اراکین اسمبلی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے کر محفوظ فیصلہ سنادیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی جلسے کے بعد درج مقدمات اور گرفتاریوں کا معاملے پر گرفتار رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواستوں پر سماعت کی۔

اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل عدالت میں پیش ہوئے، ملزمان کی جانب سے اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین عادل عزیز قاضی اور راجہ حلیم عباسی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جی تو سٹیٹ آگئی ہے، جسمانی ریمانڈ کے تمام آرڈرز ایک جیسے ہی ہیں، سٹیٹ کو جواب دینے دیں کہ ایسا کیا ہوگیا تھا کہ آٹھ، آٹھ روز کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا، یہ تو ایسا عمل ہے جس کی کوئی مثال نہ ملتی ہو۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارکان اسمبلی کے ریمانڈ کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ محفوظ کر لیاجو بعد میں سنایاگیا۔