آسام میں سٹاک ٹریڈنگ کے نام پر ’اربوں روپے کا فراڈ‘

آسام(رم نیوز) آسام میں سٹاک ٹریڈنگ کے نام پر ’اربوں روپے کا فراڈ ہوا ہے اس وجہ سے اداکارہ اور ان کے شوہر کوگرفتار کرلیاگیا ہے۔انڈیا کی ریاست آسام میں آن لائن سٹاک ٹریڈنگ کے ایک مبینہ فراڈ میں پولیس نے معروف فلم سٹار اور کوریو گرافر سومی بورا اور ان کے فوٹوگرافر شوہر تارکک بورا کو گرفتار کیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں میں اسے 2200 کروڑ روپے مالیت کی جعلسازی کہا گیا ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ریاست میں کئی اور لوگوں کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ سومی بورا اس کیس میں ملوث ہیں اور ہو سکتا ہے کہ فلم انڈسٹری کے کئی لوگوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر جعلسازی کی گئی ہو۔

پولیس کی طرف سے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اس گھپلے میں ملوث نہیں اور ان کا ’میڈیا ٹرائل‘ کیا جا رہا ہے۔دوسری طرف اس گرفتاری کے بعد ریاستی پولیس کے سربراہ گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’ان کا کھیل اب ختم ہوا۔اس بارے میں تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، اس لیے زیادہ تفصیل سامنے نہیں آ رہی ہے۔

تفتیش کاروں کے مطابق اس گھپلے کا طریقہ کار یہ تھا کہ اس میں سرمایہ کاروں کا پیسہ کمپنیوں کے شیئرز میں لگایا جاتا تھا جبکہ سرمایہ کار سے وعدہ کیا جاتا تھا کہ دو مہینے میں ان کے پیسے پر 30 سے 40 فیصد کا فائدہ ہو گا۔پولیس کے مطابق سرمایہ کار کا پیسہ ’کاسمیٹک اکاؤنٹنگ کے ذریعے کچھ پرائیوٹ غیر درج شدہ کمپنیوں میں لگایا جاتا تھا تاکہ یہ کمپنیاں فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے کھاتوں میں خرد برد کر سکیں۔