آن لائن گیمنگ میں ہارنے کے بعد بیٹے کا انتہائی قدم

چندی گڑھ(رم نیوز)بھارتی پنجاب میں ایک شخص نے آن لائن گیمنگ میں لاکھوں روپے ہارنے کے بعد اپنے والد کو قتل کر دیا اور پولیس تفتیش کے دوران والد کی موت کی جھوٹی کہانی بنا دی کہ انہیں ڈاکوؤں نے قتل کیا۔ تاہم بعد میں قتل کی اصل کہانی کھل گئی ۔

مختلف قسم کے آن لائن گیمز آن لائن جوئے کو ترغیب دے رہے ہیں جہاں رقم کا تبادلہ یا لین دین شامل ہے۔ اس میں پیسے جیتنے یا ہارنے کی شرط لگائی جاتی ہے جسے بیٹنگ کہتے ہیں۔ انڈیا کی کچھ ریاستیں جیسے تلنگانہ، آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں آن لائن جوئے پر مکمل پابندی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کاکہنا ہے کہ پیارجیت سنگھ نامی شخص نے آن لائن گیمنگ میں 25 لاکھ کی رقم سے محرومی کے بعد اپنے والد کو چاقو کے وار کر کے قتل کیا۔پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ چھ ستمبر کو پیارجیت سنگھ اپنے والد کو ایک کار میں علاج کے لیے چندی گڑھ لے جا رہے تھے اور اسی دوران انھوں نے مرہ کلاں گاؤں کے قریب اپنے والد کو چاقو کے وار کر کے قتل کیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تشار گپتا کے مطابق ملزم کو ابتدا میں شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق اپنے والد کو قتل کرنے کے بعد ملزم بیٹے نے گاڑی میں توڑ پھوڑ بھی کی تاکہ اس واقعے کو واردات کا رنگ دیا جا سکے۔پولیس کے مطابق بیٹے کے ابتدائی بیان کے بعد شک گزرنے پر اسے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا جس کے دوران اس نے اقرار کیا کہ ڈکیتی کی کہانی جھوٹی تھی۔پولیس کے مطابق پیارجیت سنگھ نے بتایا کہ اس نے اپنے والد کو جوئے میں ہار جانے والے پیسوں کے بارے میں کئی طریقوں سے گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس کے والد رقم کے بارے میں لگاتار پوچھتے رہے۔

آخر کار اس نے اپنے والد کو بتایا کہ یہ رقم چندی گڑھ کے ایک کاروبار میں لگائی ہے۔ لیکن پھر بھی والد بیٹے سے اس رقم کا حساب مانگتے رہا۔ جس کے بعد اس نے والد کے قتل کا افسوسناک منصوبہ بنایا۔