ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی کی ترقی ملک میں سماجی و اقتصادی خوشحالی کی طرف گیٹ وے ہے:شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد(رم نیوز) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کاکہنا ہےکہ ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی کی ترقی ملک میں سماجی و اقتصادی خوشحالی کی طرف گیٹ وے ہے۔پاک سیٹ ایم ایم ون سیٹلائٹ ایپلی کیشن کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی کی ترقی ملک میں سماجی و اقتصادی خوشحالی کی طرف گیٹ وے ہے۔

کانفرنس کے مقررین نے پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کو آگے بڑھانے میں پاک سیٹ ایم ایم ون کے کردار پر روشنی ڈالی جس سے ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ رابطے، اقتصادی ترقی اور ڈیجیٹل شمولیت کو ممکن بنایا جا سکے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ پاک سیٹ ایم ایم ون کی کامیابی سے مواصلات کے بنیادی ڈھانچے میں انقلاب آئے گا، جس سے معاشرے کے تمام شعبوں کو اہم فوائد حاصل ہوں گے۔یہ سیٹلائٹ ملک کے دور دراز علاقوں تک انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی رسائی کو بڑھانے میں مدد کرے گا جو کہ ڈیجیٹل طور پر منسلک پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اقوام متحدہ کے ای گورننس ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی میں چودہ پوائنٹس کی بہتری آئی ہے۔انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ پاکستان ایشیا کے ان دو ممالک میں سے ایک ہے جو ڈیجیٹل ای گورننس کے درمیانی درجے سے اعلیٰ درجے کی طرف چلے گئے ہیں اور اسے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے پاک سیٹ ایم ایم ون کے کامیاب آغاز میں شامل ٹیم کی لگن اور کوششوں پر فخر کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پاک سیٹ ایم ایم ون کے کامیاب آغاز کے ساتھ اپنے ڈیجیٹل عزائم کو پورا کرنے کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی میں سیٹلائٹ کے اہم کردار اور عالمی خلائی صنعت میں پاکستان کی موجودگی میں اس کے کردار پر زور دیا۔

سپارکو کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ پاک سیٹ ایم ایم ون پاکستان کے دور دراز علاقوں کے خدمت کے لیے ہے، جہاں مواصلاتی سیٹیلائٹس جیسے ڈی ٹی ایچ، کمیونٹی انٹرنیٹ، ٹیلی ایجوکیشن، ٹیلی میڈیسن کی ایپلی کیشنز فراہم کرنا باقی ہیں۔

کانفرنس کا اختتام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے ڈیجیٹل طور پر بااختیار پاکستان اور قومی ترقی کے نئے مواقع کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔اس تقریب میں معززین، سرکاری حکام اور ماہرین نے شرکت کی جس نے پاکستان کے خلائی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔