حزب اللہ سے تنازع میں شدت۔۔۔۔آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت کردی

سڈنی (رم نیوز) آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ آسٹریلیا نے اسرائیل،حزب اللہ تنازع کے حوالے سے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کا سفر نہ کریں اور وہاں موجود آسٹریلوی باشندوں پر زور دیا ہے کہ جب تک تجارتی پروازیں دستیاب ہیں، وہ ملک چھوڑ دیں۔

آسٹریلوی حکومت کی سفری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور پورے خطے میں اسرائیلی مفادات کے خلاف فوجی اور دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ تنازعات میں اضافے کے بعد فضائی حدود کی بندش کے باعث کچھ ایئر لائنز نے اسرائیل کے لیے پروازیں کم اور معطل کر دی ہیں۔

وزیر خارجہ پینی وونگ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا آسٹریلوی حکومت کو اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں سلامتی کی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔