سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد اب پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (رم نیوز) پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کاکہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد اب پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں۔ بیرسٹر گوہر نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد اب پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں۔

ان کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمیں خوشی ہوئی، سپریم کورٹ ججز کی وضاحت سے امید ہے آئین کی بالادستی ہو گی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آئین کی بالادستی کیلئے کردار اہم ہے، سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد الیکشن کمیشن فوری طور پر پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز مخصوص نشستوں کے کیس پر سپریم کورٹ کے اکثریتی 8 ججز نے دوسری مرتبہ وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ فریقین کی طرف سے اٹھائے گئے تمام قانونی اور آئینی معاملات کو جامع طور پر نمٹا دیا گیا ہے، جوابات دیے گئے ہیں، لہٰذا مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے۔