اسلام آباد (رم نیوز) وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے پاکستان میں الجیریا کے سفیر براہیم رومانی نے ملاقات کی۔اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ، اسٹارٹ اپس، سائبر سیکیورٹی کے میدان میں تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں ممبر انٹرنیشنل کوآرڈینیشن، وزارت آئی ٹی عماد میمن بھی موجود تھے۔
الجیرین سفیر نے کہا الجیریا پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے، پاکستان کی آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں ترقی قابل تعریف ہے۔
وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا پاکستان الجیریا کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں تعلقات بہت اہم ہیں، الجیریا پاکستان کے ٹیک کے میدان میں تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان اور الجیریا کے درمیان سٹوڈنٹس، سٹارٹ اپس، انٹرپرینیورز کا تبادلہ دونوں ممالک کے لیئے سود مند ہو گا، پاکستان الجیریا کے یوتھ کے لیئے آئی ٹی ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کر سکتا ہے، آئی ٹی و ٹیلی کام کے حوالے سے دونوں ممالک کے مابین جائنٹ ورکنگ گروپ کا ہونا بہت ضروری ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان اور الجیریا کی ٹیک کمپنیوں اور سٹارٹ اپس کا مشترکہ سیمنار کا جلد انعقاد ہو۔