پشاور(رم نیوز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ "مینڈیٹ چور" حکومت کو چاروں طرف سے گھیر کر اس کا دھڑن تختہ کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام حلقوں میں 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے تمام منتخب نمائندوں کو اپنے حلقوں میں مہم تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے لیے ریلیوں اور کارنر میٹنگز کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں ہر حلقے سے منتخب نمائندوں کی قیادت میں ہزاروں افراد کا قافلہ نکلے گا۔ یہ قافلے موٹروے پر جمع ہو کر علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ 24 نومبر ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کا دن ثابت ہوگا۔ انہوں نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ جعلی حکومت فسطائیت کا راستہ اختیار کرے گی تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔