وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ سے قطر کے سفیر کی ملاقات ،آئی ٹی و ٹیلی کام، سٹارٹ اپس، سائبر سیکیورٹی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو

اسلام آباد (رم نیوز) وزیر مملکت برائے آئی ٹی ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ سے پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسی الخاطر نےملاقات کی۔اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، آئی ٹی و ٹیلی کام ، اسٹارٹ اپس، سائبر سیکیورٹی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس ملاقات میں سپیشل سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ڈویژن اظفر منظور اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔

وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا پاکستان اور قطر کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک آئی ٹی و ٹیلی کام کے میدان میں مل کر کام کر سکتے ہیں، چاہتے ہیں کہ پاکستان اور قطر کے آئی ٹی و ٹیلی کام کے میدان میں تعلقات مزید فروغ پائیں۔

انہوں نے کہا پاکستان قطر کے ساتھ سائبر سکیورٹی کے میدان میں مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، ٹیک سیکٹر میں پاکستان اور قطر کے اداروں کے مابین ایم او یوز کا ہونا اہم ہے، پاکستان اور قطر کی آئی ٹی کمپنیاں جائنٹ وینچر کر سکتی ہیں، دونوں ممالک کے مابین اسٹوڈنس، اسٹارٹ اپس ایکسچینج سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، قطر پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو ویزہ کے حصول اور مارکیٹ رسائی تک مزید سہولیات دے۔ قطر کے سفیر نے کہا قطر پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں مکمل تعاون کرے گا۔

دریں اثناء وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان پلیٹ فارم کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈیجیٹل ڈائیلاگ پلیٹ فارم حکومت اور عوام کے درمیان موثر تعاون کا نیا پلیٹ فارم ہے، یہ پلیٹ فارم ملک کی ترقی کے لیئے مشترکہ کوششوں کے لیئے مدد گار ثابت ہو گا، ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان پلیٹ فارم متنوع سٹیک ہولڈرز کی شرکت کو یقینی بناتا ہے جس میں پالیسی ساز، نجی شعبے کے رہنما اور عام شہری شامل ہیں، موجودہ حکومت جامع اور شفاف گورننس کے لیئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیئے پر عزم ہے۔