واشنگٹن (رم نیوز) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بھرپور اقدامات کیے ہیں اور اس کے نتائج قابلِ تحسین ہیں۔ ایک پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے پاکستان میں دہشتگرد حملوں کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور ان حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب یا ملک نہیں ہوتا، اور اس حوالے سے امریکی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، جو دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کے ہاتھوں شدید نقصان اٹھا چکے ہیں۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشتگردی میں شراکت داری جاری رکھے ہوئے ہے اور دہشتگرد گروپوں کی شناخت اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے پاکستان کے حکام کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعاون میں فوجی اور سویلین صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی مشاورت اور ڈائیلاگ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، ترجمان نے یہ بھی کہا کہ امریکہ میں سکھ کمیونٹی کو درپیش خطرات کے بارے میں حکومت سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں بھارت سے وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔