لاہور(رم نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے پہلی مرتبہ 20 نومبر 1954 کو انٹرنیشنل چلڈرن ڈے منانے کا اعلان کیا تھا تاکہ بچوں کی تعلیم، تربیت اور معاشرتی و مذہبی اقدار کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے، تاکہ بچے اپنے مستقبل میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
اس دن کا مقصد بچوں کی عزت و توقیر کو بڑھانا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ دنیا بھر میں بچے مختلف اقسام کے تشدد کا شکار ہیں، جس کے منفی اثرات ان کی نشوونما پر پڑتے ہیں۔
یوم اطفال منانے کا مقصد عالمی سطح پر بچوں کے حقوق کو فروغ دینا اور ان کی تعلیم، صحت اور بہتر زندگی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس دن کی اہمیت اس بات سے بھی ہے کہ 20 نومبر 1989 کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بچوں کے حقوق کا عالمی کنونشن منظور کیا گیا، جس نے بچوں کے حقوق کو بین الاقوامی سطح پر قانونی حیثیت دی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ دنیا کے تمام بچے محفوظ، خوشحال اور تعلیم یافتہ مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔
بین الاقوامی یوم اطفال کا مقصد دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کی حفاظت اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس دن کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ ہر بچے کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں پیدا ہو۔ ان حقوق میں تعلیم، صحت، تحفظ اور ایک بہتر ماحول شامل ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے یہ بات بھی اجاگر کی جاتی ہے کہ بچوں کو سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں مساوی طور پر حصہ ملنا چاہیے تاکہ وہ ایک روشن اور بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔