24 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کا ہمارا ارادہ برقرار ہے ، شاہ محمود قریشی کا موقف درست ہے : شیخ وقاص اکرم

پشاور(رم نیوز)پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کا ہمارا ارادہ برقرار ہے اور ہم اس احتجاج کے لیے خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال نہیں کر رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ذاتی وسائل جیسے گاڑیاں، پٹرول اور دیگر ضروریات فراہم کر رہے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے پنجاب حکومت کی ترجمان کے گھریلو خواتین سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں غیر مناسب ہیں اور اس سے پرہیز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کا احترام کرنے والی جماعت رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی، جو کہ گھریلو خاتون ہیں، اپنے شوہر کا پیغام ہمیں پہنچاتی ہیں کیونکہ ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتیں ہمارے احتجاج سے پریشان ہیں، اور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ احتجاج کو سنجیدہ نہ لیا جائے، لیکن دوسری طرف حکومت سخت اقدامات بھی کر رہی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اپنے اختلافات اپنے لوگوں سے کیے جاتے ہیں، اور شاہ محمود قریشی نے جو باتیں کیں وہ درست ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کا موقف درست ہے، لیکن پارٹی کی بیرونی قیادت پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں، اس لیے شاہ محمود قریشی سے رائے لینا ضروری ہے۔

انہوں نے فیصل واوڈا پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کی پارٹی چھوڑنے اور سینیٹر بننے کا معاملہ سب کے علم میں ہے، اور ہم نے کبھی انہیں سنجیدہ نہیں لیا۔ فیصل واوڈا ہمیشہ احتجاج کی کال پر سامنے آ جاتے ہیں، لیکن ان کی پارٹی میں کوئی اہمیت نہیں۔