23 نومبر سے اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس جزوی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے پیش نظر 23 نومبر سے انٹرنیٹ اور موبائل سروس جزوی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق، انٹرنیٹ اور موبائل سروس اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں معطل کی جا سکتی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ 22 نومبر سے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال فعال کر دی جائے گی، جس کے نتیجے میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ، سوشل میڈیا ایپس پر ویڈیوز اور آڈیو ڈاؤن لوڈنگ بھی ممکن نہیں ہوگی۔ صورتحال کے مطابق، کسی بھی وقت مخصوص مقامات پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کی جا سکتی ہے۔