عمران خان کو رہا کر کے ہی اپنے مطالبات منوائیں گے: علی امین گنڈا پور

پشاور(رم نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کو رہا کر کے اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا نعرہ "اب نہیں تو کبھی نہیں، ہم نہیں تو کون" ثابت کرنے کا وقت آ چکا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ قوم کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کریں گے اور انصاف حاصل کریں گے یا پھر غلامی کو قبول کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہماری اور ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے، اور ہم اپنے قائد کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے نظریے کو اپنے جنون کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنون کبھی نہیں مرتا بلکہ مزید بڑھتا ہے۔