حکومت کا پروپیگنڈا بے اثر، 24 نومبر کا احتجاج ہر صورت ہوگا، علی امین گنڈاپور قیادت کریں گے:شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد(رم نیوز)پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومت جتنے بھی پروپیگنڈے کرے، 24 نومبر کو احتجاج ضرور ہوگا۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عمران خان کی انسداد دہشت گردی کے کیسز میں ضمانت تک رہائی مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے جو پروپیگنڈا کرے، 24 نومبر کا احتجاج ہر صورت ہوگا اور علی امین گنڈاپور اس کی قیادت کریں گے۔ شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ آج کی ملاقات اس لیے ہوئی کہ کل کی ملاقات میں کچھ باتیں وضاحت طلب رہ گئی تھیں۔سینیٹر فیصل واوڈا کے رویے کے حوالے سے سوال پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ فیصل واوڈا غصے میں بات کرتے ہیں، انہیں جواب دینا مناسب نہیں ہے۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ اسلام آباد کا احتجاج نہ تو مؤخر ہوگا اور نہ ہی معطل، کیونکہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ ملک میں استحکام آئے، اور چند عناصر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔آخر میں، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بارے میں سوال پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بشریٰ بی بی صرف بانی کا پیغام پارٹی تک پہنچائیں گی، وہ احتجاج کی قیادت نہیں کریں گی۔