تحریک انصاف کا احتجاج۔۔۔ اسلام آباد کی انتظامیہ نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز پہنچانا شروع کر دیے

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کی انتظامیہ نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز پہنچانا شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کے مطابق، بوقت ضرورت ان کنٹینرز کو سڑکوں پر رکھ کر اہم راستوں کو بند کر دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے اور اپنے کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے پنجاب اور سندھ پولیس سے بھی مدد طلب کی تھی۔ اسلام آباد کے چیف کمشنر کی جانب سے وزارتِ داخلہ کو ارسال کیے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے انتظامات کے لیے پنجاب پولیس کے دو ڈی آئی جیز اور 10 ڈی پی اوز کو اسلام آباد میں تعینات کیا جائے۔

مزید برآں، شہری انتظامیہ نے سندھ اور پنجاب سے دو ہزار پولیس اہلکاروں کی نفری بھی طلب کی ہے تاکہ احتجاج کی ممکنہ صورتحال کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کیا جا سکے۔