سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر اور امپائر محمد نذیر جونیئر انتقال کر گئے

لاہور(رم نیوز)سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر اور معروف امپائر محمد نذیر جونیئر کا انتقال ہوگیا۔ ان کے بیٹے نعمان نذیر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ اہلِ خانہ کے مطابق محمد نذیر جونیئر گزشتہ چند دنوں سے شدید علیل تھے اور طبیعت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

محمد نذیر جونیئر نے پاکستان کے لیے 14 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچز کھیلے، اور اپنے کیریئر میں 37 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پاکستان کے پہلے سپنر تھے جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 7 وکٹیں لے کر ایک اہم ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اس کے علاوہ، نذیر جونیئر نے کرکٹ کے میدان میں امپائرنگ کے فرائض بھی انجام دیے اور 15 ون ڈے اور 5 ٹیسٹ میچز میں امپائر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی کرکٹ کے شعبے میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔