کراچی: ’شہپر تھری‘ ڈرون کی نمائش، پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں نیا اضافہ

کراچی(رم نیوز)پاکستان کی وزارت دفاع کے زیر اہتمام کراچی میں جنگی سازوسامان کی نمائش ’آئیڈیاز 2024‘ میں پاکستان کے جدید ’شہپر تھری‘ ڈرون کو متعارف کرایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 2022 میں گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفینس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) نے ’شہپر ٹو‘ ڈرون پیش کیا تھا، لیکن اس سال ’شہپر تھری‘ کو مزید جدید خصوصیات کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ’شہپر تھری‘ 30 سال کی تحقیق اور محنت کا نتیجہ ہے اور یہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔

’شہپر ٹو‘ اسلحے کے ساتھ 12 سے 13 گھنٹے اور بغیر اسلحے کے 20 گھنٹے تک پرواز کرتا ہے، لیکن ’شہپر تھری‘ 35 ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کر سکتا ہے اور 30 گھنٹے تک فضا میں رہ سکتا ہے۔

جی آئی ڈی ایس کے چیف ایگزیکٹو اسد کمال کے مطابق، ’شہپر تھری‘ تمام موسموں میں کارگر ہے اور اس میں دن اور رات دونوں اوقات میں بہترین نظر رکھنے والا کیمرہ نصب ہے۔ اس ڈرون میں ایک خاص فیچر بھی ہے جس کے تحت یہ گرمی پیدا کرنے والی چیزوں جیسے انسان، جانور یا گاڑیوں کا باآسانی سراغ لگا لیتا ہے۔

اس میں ایک جدید ہدف نشانہ بنانے کا نظام بھی موجود ہے جس کے ذریعے یہ پہلے لیزر مار کر ہدف کو لاک کرتا ہے، اور پھر میزائل فائر کرکے اس کو کامیابی سے تباہ کرتا ہے۔ ’شہپر تھری‘ خودکار نظام کے تحت کسی خطرے کی صورت میں اپنے سٹیشن پر واپس آ سکتا ہے، اور اس کی رینج 2500 کلومیٹر تک ہے۔ اس میں ’ریٹرن ٹو ہوم‘ فیچر بھی موجود ہے، جس کے ذریعے یہ ڈرون خود بخود واپس اپنے بیس پر پہنچ سکتا ہے اگر اسے کوئی خطرہ لاحق ہو یا اس کا نشانہ بنایا جائے۔