آئی سی سی بورڈ اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے فیصلہ آج متوقع

لاہور(رم نیوز)آئی سی سی کے بورڈ ممبران کا ورچوئل اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے، اور چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر پی سی بی کا واضح اصولی موقف ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی حکام سے اپنی بات چیت کی مزید تفصیلات بھی شیئر کیں۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو باضابطہ آگاہ کیا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بار بار بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے لیے جائے، جبکہ بھارت پاکستان نہ آئے، یہ قابل قبول نہیں۔

پی سی بی نے آئی سی سی کو اجلاس سے قبل ایک قابل قبول فارمولہ تیار کرنے کی درخواست کی ہے، تاکہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں تمام ممبران کی شرکت ممکن بنائی جا سکے۔