لاہور(رم نیوز)لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک کیس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کو طلب کیاگیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک کیس کی سماعت ہوئی۔ ممبر جوڈیشل کمیشن کاکہنا تھا کہ ٹائون شپ میں الیکٹرک بسوں کے ڈپو بنانے کے لیے درخت کاٹے گئے ۔ ممبر کمیشن نے مزید کہاکہ اطلاعات ہیں کہ درخت کاٹ کر ٹمبر مارکیٹ میں فروخت کئے جاتے ہیں۔
عدالت کاکہنا تھا کہ تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کاٹے گئے درخت کہاں جاتے ہیں۔ درخت کاٹنے کی بات درست ہوئی تو مقدمہ درج کرایاجائے گا۔ عدالت نے کہاکہ گاڑیوں کے تمام ڈیٹا کے لیے سافٹ ویئر بنائیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تین ماہ کا وقت رکھ کر چیکنگ کا ڈیٹا بنائیں۔ لاہور ہائیکورٹ کاکہنا تھا کہ سموگ کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کو مشورہ دیا تھا جب تک ڈی سیز کے تبادلے نہیں کریں گے ، معاملات درست نہیں ہوں گے۔
عدالت نے مزید کہاکہ ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کی پالیسی بنائیں،جس میں تمام ڈیٹا موجود ہو۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے کہاکہ ٹرانسپورٹ چیکنگ پالیسی بنانے پر کام جارہی ہے۔عدالت نے مزید کہاکہ گاڑیوں پر سسٹم لگائیں، سموگ ختم نہیں ہوئی، یہ اچانک واپس آئے گی۔ ہائیکورٹ نے کہا کہ تعمیرات کا م شروع نہیں ہونا چاہئے۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سمارے 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔