60 برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کی درخواست کر دی

لندن(رم نیوز) 60 برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان ارکان نے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیم کو ایک خط میں کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، لہٰذا اس پر پابندیاں لگائی جانی چاہئیں۔دوسری جانب، غزہ میں نئی یہودی بستی کی تعمیر کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جس کی اطلاع برطانوی میڈیا نے دی ہے۔ شمالی غزہ میں 9 کلومیٹر طویل ملٹری ڈیوائیڈنگ لائن کی تعمیر جاری ہے، جبکہ بحیرہ روم اور اسرائیل کی سرحد کے درمیان سینکڑوں عمارتیں منہدم کر دی گئی ہیں۔ اسرائیل فلسطینیوں کو مستقل طور پر بے دخل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اگلے ڈیڑھ برس میں یہودی آبادکاروں کو وہاں بسانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ادھر، حزب اللہ نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی منظوری دے دی ہے اور حالیہ تین دنوں کی جنگ بندی کو اپنی فتح قرار دیا ہے۔ حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا ہے اور معاہدے پر عملدرآمد میں لبنانی فوج کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ تاہم، حزب اللہ نے واضح کیا کہ وہ اسرائیل کی طرف سے کسی بھی حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔