کراچی(رم نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کسی صوبے میں گورنر راج اور جماعت پر پابندی کے حامی نہیں، سیاسی استحکام قائم کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں استحکام، دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ دیکھنا چاہتے ہیں، اس وقت ملک میں موجود سیاسی مسائل کے خاتمے کا حل سیاسی جماعتوں کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ سیاسی استحکام ہے، جس ملک میں سیاسی استحکام ہوتا ہے وہاں ترقی اور خوشحالی ہوتی ہے، بدقسمتی سے میثاق جمہوریت کے ذریعے قائم کیا گیا سیاسی استحکام آج موجود نہیں جس کا خمیازہ پاکستان اور اس کی عوام بھگت رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ جمہوری کردار ادا کیا، تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، اگر ہمیں ملک کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی استحکام قائم کرنے کی کوشش کریں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں۔