چنائی(رم نیوز)سمندری طوفان "فینگال" نے بھارت اور سری لنکا میں تباہی مچاتے ہوئے 19 افراد کی جانیں لے لیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، طوفان فینگال خلیج بنگال کے جنوبی ساحلی علاقے سے گزر کر بھارت کی ریاست تامل ناڈو اور پڈوچیری میں سیلاب کا سبب بنا۔
بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق، پڈوچیری میں 24 گھنٹوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہا، جو گزشتہ 30 برسوں کا سب سے طویل دورانیہ تھا۔بھارتی ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ طوفان کی وجہ سے جنوبی بھارت کا شہر چنائی سیلاب میں ڈوب گیا، جس کے باعث شہر سے پروازوں کا سلسلہ عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔
چنائی میں بارش کا سلسلہ کم ہونے کے بعد بھارتی فوج نے پڈوچیری میں طوفان سے متاثرہ افراد کے لیے ریلیف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔دوسری جانب، سری لنکا میں بھی طوفان فینگال نے شدید تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں کولمبو کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق ایک لاکھ 38 ہزار 944 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔