متحدہ عرب امارات کا 53 واں قومی دن، جشن کا ماحول

دبئی(رم نیوز)آج متحدہ عرب امارات کا 53 واں قومی دن بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس اہم موقع پر سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے دو دن کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 2 دسمبر 1971 کو متحدہ عرب امارات کا قیام عمل میں آیا تھا، جب ابوظہبی، دبئی، شارجہ، عجمان، ام القوین، راس الخیمہ اور فجیرہ کی ریاستوں نے آپس میں اتحاد کر کے ایک مضبوط ملک کی بنیاد رکھی۔ اس اتحاد کے بعد ان ریاستوں کو "متحدہ عرب امارات" کا نام دیا گیا تھا۔

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر، حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے قومی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے امارات کی "عید الاتحاد" کی مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں حماد عبید الزابی نے کہا کہ یہ دن ہمارے اتحاد، بصیرت اور کامیابیوں کا جشن ہے، اور یہ ہمارے عظیم قوم بننے کے سفر کا سنگِ میل ہے، جو اتحاد کی پائیدار روح کی علامت ہے۔