نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے کے لیے کوشاں ہے، وزیر مملکت آئی ٹی

اسلام آباد (رم نیوز) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ہمارے نوجوانوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، موجودہ دور میں نوجوان جدید ڈیجیٹل مہارتیں سیکھ کر ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے یو این ڈی پی کے تحت ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ پروگرام کی گریجویشن تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے کے لیئے کوشاں ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کر رہے ہیں، ڈیجیٹلائزیشن کے لیئے اقدامات جاری ہیں، ہماری توجہ پاکستان کو لیڈنگ ڈیجیٹل نیشن بنانے پر مرکوز ہے، سب سے اہم بات یہ کہ ملک کی ترقی کے لیئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، ہماری آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لیئے اقدامات جاری ہیں۔