نیپرا نے حکومت کے ونٹر پیکج کو تین ماہ کے لیے منظور کر لیا

اسلام آباد(رم نیوز)نیپرا نے حکومت کے اعلان کردہ ونٹر پیکج کی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق دسمبر سے فروری تک تین ماہ کے لیے ہوگا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حکومتی درخواست پر سماعت کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

اس پیکج میں صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین کو شامل نہیں کیا گیا۔ گھریلو صارفین کے لیے اضافی یونٹ استعمال کرنے پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ کا ریلیف دیا جائے گا، جبکہ زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

صنعتی صارفین کو کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ کی رعایت ملے گی، جبکہ زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

نوٹیفکیشن وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے اور یہ پیکج تین ماہ کے لیے موثر رہے گا۔