اسلام آباد(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں سردی میں اضافے اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ بالائی پنجاب کے علاقے جیسے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 7 اور 8 دسمبر کو ان علاقوں میں آندھی، طوفان، بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سردی کے اضافے کے باعث بعض علاقوں میں دھند بھی چھا سکتی ہے۔
مری کی ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کے مطابق اپنے سفر کے منصوبے میں احتیاط کریں اور ضرورت پڑنے پر سفر کو ملتوی یا منسوخ کریں۔ مقامی افراد اور سیاحوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مری کا سفر کرنے سے قبل موسمی حالات سے آگاہ رہیں اور الیکٹرانک، پرنٹ یا سوشل میڈیا کے ذریعے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔