کراچی(رم نیوز)یونیسیف کی پاکستان کی پہلی خاتون سفیر برائے اطفال، صبا قمر نے جرمن قونصل خانے کا دورہ کیا اور قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بچوں کے حقوق اور ماحولیاتی آلودگی جیسے اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
صبا قمر نے اپنے بیان میں کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر معاشرتی مسائل اور چیلنجز کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر نے جرمنی کی جانب سے بچوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا اور پاکستان میں بچوں کے حقوق کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے گلوبل وارمنگ کو ایک عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے اس کے حل کے لیے عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر روڈیگر نے مزید بتایا کہ جرمنی یونیسیف کو سب سے زیادہ مالی امداد فراہم کرنے والا ملک ہے اور گزشتہ تین سالوں کے دوران اس نے سب سے زیادہ فنڈز فراہم کیے ہیں۔
اس ملاقات میں جرمن قونصل جنرل نے کراچی میں شجرکاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے صبا قمر کو درختوں کے بیج بھی دیے۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں کو شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے ذریعے شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔