اسلام آباد(رم نیوز) مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا اہم اجلاس آج ہو گا۔
ذرائع کے مطابق، اس اجلاس میں پیپلز پارٹی کے اہم تحفظات پر تفصیل سے غور کیا جائے گا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حالیہ دنوں میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی، جس دوران پیپلز پارٹی نے حکومت سے ادھورے وعدوں اور نامکمل یقین دہانیوں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ بات چیت کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک حکومتی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی کو سیاسی تعاون بڑھانے اور مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی پیپلز پارٹی کے تعین کردہ نمائندوں کے ساتھ بات چیت کر کے آئندہ کے لائحہ عمل پر فیصلہ کرے گی۔