پاکستان کی شاندار کامیابی: جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست

پارل(رم نیوز)پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔پارل میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے ہینرچ کلاسن 86 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریان ریکلٹن 36، ایڈن مارکرم 35، ٹونی ڈی زورزی 33، اور مارکو جانسن 10 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم نے 240 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، بابر اعظم نے 23 رنز بنائے، محمد رضوان ایک رن پر آؤٹ ہوئے، کامران غلام 4، عرفان خان 1، اور شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 109 رنز بنائے، جن میں 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے انہوں نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سلمان علی آغا نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 82 رنز بنائے، اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔

سلمان علی آغا کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، تاہم انہوں نے ایوارڈ صائم ایوب کو دیا۔ کپتان محمد رضوان نے میچ کے اختتام پر کہا کہ صائم ایوب اور سلمان آغا کی شاندار اننگز نے کامیابی حاصل کی، اور یہ فتح ٹیم ورک کی بدولت ممکن ہوئی۔