واشنگٹن(رم نیوز)امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، اور اس حوالے سے نئی پابندیوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر امریکہ کے تحفظات بالکل واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ پاکستان کے لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت نہیں کی جا سکتی، اور وہ عالمی سطح پر اسلحہ عدم پھیلاؤ کی پالیسی کے تحت اقدامات کرتا رہے گا۔
امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے، جو جنوبی ایشیا سے باہر کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جن میں امریکہ بھی شامل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اس پروگرام کے مقاصد پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں اور امریکہ کے لیے یہ صورتحال ایک بڑھتے ہوئے خطرے کی علامت بن سکتی ہے