پشاور(رم نیوز)خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے کُرم میں قیام امن کے لیے تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت پشاور میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ کُرم میں بنکرز اور اسلحے کا خاتمہ کیے بغیر پائیدار امن قائم کرنا ممکن نہیں ہے۔ مزید یہ کہ کُرم میں ادویہ اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس سے قبل، وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کی اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا، اور کُرم میں امن کو اپنی اولین ترجیح بنایا جائے گا۔