جوہانسبرگ (رم نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ کو 36 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی، اور یوں جنوبی افریقہ کو پہلی بار وائٹ واش کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47 اووروں میں 9 کھلاڑی آئوٹ ہونے پر 308 رنز بنائے۔ صائم ایوب 101 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جنہوں نے دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔ یہ جنوبی افریقہ کے خلاف ان کی دوسری اور مجموعی طور پر تیسری سنچری تھی۔
پاکستان کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے 1 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد صائم ایوب اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور میں اضافہ کیا، لیکن بابر اعظم 52 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان محمد رضوان 53 اور نائب کپتان سلمان آغا 48 رنز کے ساتھ اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔ طیب طاہر 28، محمد حسنین 4 رنز کے ساتھ آؤٹ ہو گئے، جبکہ کامران غلام اور شاہین شاہ آفریدی بغیر رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے ربادا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جینسین اور فوچیون نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ کوربن بوش اور مپ ہاکا نے ایک ایک وکٹ لی۔ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا بووما نے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث میچ کی دونوں اننگز 47 اوورز تک محدود کر دی گئیں۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہیزچ کلاسن 81 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ سکور کرنے والے بیٹر رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ لی۔ سفیان مقیم نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔صائم ایوب کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔