پاکستان میں انٹرنیٹ سپیڈ بڑھانے کے لیے جدید کیبل آج منسلک ہوگی

اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان میں انٹرنیٹ کی سپیڈ کو بہتر بنانے کے لیے جدید کیبل آج منسلک کی جائے گی۔یہ کیبل افریقہ سے پاکستان تک 45 ہزار کلومیٹر طویل راستے پر منسلک کی جائے گی، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کیبل کی گنجائش 180 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ ہوگی، جس سے سوشل میڈیا ایپلیکیشنز سمیت دیگر آن لائن خدمات کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔

یہ اقدام اس وقت کیا جا رہا ہے جب ملک میں انٹرنیٹ کی سپیڈ کے حوالے سے مسلسل تنقید کی جا رہی ہے۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، شزا فاطمہ نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی سپیڈ مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہے۔

انٹرنیٹ کی سست رفتار پر پیپلز پارٹی نے بھی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ قومی اسمبلی میں شازیہ مری نے کہا تھا کہ "اتنی سست انٹرنیٹ سپیڈ کے باوجود ڈیجیٹل نیشن بل لایا جا رہا ہے، جو کہ مضحکہ خیز ہے۔"

جدید کیبل کے منسلک ہونے سے توقع ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کو تیز کرنے میں مدد ملے گی اور انٹرنیٹ صارفین کو زیادہ تیز اور مستحکم کنیکٹیویٹی فراہم ہوگی۔