میلبرن(رم نیوز) آسٹریلیا کے بیٹر سٹیو سمتھ نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ بناتے ہوئے اہم سنگ میل عبور کر لیا۔بارڈر گواسکر ٹرافی کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے 311 رنز 6 وکٹوں کے ساتھ اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ کپتان پیٹ کمنز 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، لیکن سٹیو سمتھ نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور اپنی ٹیم کی اننگز کو آگے بڑھایا۔
سمتھ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 34 ویں سنچری اسکور کی اور 140 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 474 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔اس میچ میں 140 رنز کی اننگز کے دوران سٹیو سمتھ نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ یہ ان کی بھارت کے خلاف 11 ویں سنچری تھی، جو انہوں نے صرف 43 اننگز میں مکمل کی۔ یہ ریکارڈ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی بیٹر کی بھارت کے خلاف سب سے زیادہ سنچریوں کا ہے۔
دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے جو روٹ ہیں، جنہوں نے بھارت کے خلاف 10 سنچریاں سکور کی ہیں۔یاد رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 میچز پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کی تھی، اور تیسرے ٹیسٹ کا نتیجہ ڈرا ہوا تھا۔