اٹک(رم نیوز) اٹک اور نوشہرو فیروز میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں 16 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق، میانوالی سے راولپنڈی جانے والی ایک بس فتح جنگ انٹرچینج کے قریب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق، یہ حادثہ بس کے ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا، جس کی وجہ سے ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب، نوشہرو فیروز میں ایک ٹرالر اور وین کے درمیان تصادم میں 6 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق، یہ حادثہ مورو کے قریب پیش آیا، جہاں تمام متاثرہ افراد کا تعلق تگر برادری سے تھا۔ یہ وین شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
علاوہ ازیں، بہاولپور میں قومی شاہراہ پر اعظم چوک کے قریب ایک مسافر مزدا وین الٹنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔