لاہور(رم نیوز) سال نو کی رات منچلے نوجوانوں کی ہلڑبازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے پولیس نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ نیو ایئر نائٹ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے تمام سی ٹی اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کو داخل ہونے سے روکا جائے، اور اہم شاہراہوں پر اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ ون ویلنگ، کار سکٹنگ اور ہلڑبازی کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔ بغیر سلنسر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور ایسے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے منشیات اور شراب کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔