محکمہ موسمیات نے لاہور اور پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی کردی

لاہور(رم نیوز)نیا سال شروع ہوتے ہی محکمہ موسمیات نے لاہور اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، 6 جنوری تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، اور ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔

لاہور میں آلودگی کی سطح پر بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر آلودگی کے لحاظ سے پاکستان کے دیگر شہروں میں تیسرے نمبر پر ہے، جہاں سموگ کی اوسط شرح 219 ریکارڈ کی گئی ہے۔دوسری جانب، لاہور میں سال کے پہلے دن کا موسم سرد رہا، اور شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور میں ہوا کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔